کراچی میں ٹریفک نظام کو مزید مؤثر بنانے کے لیے اسمارٹ نو پارکنگ کیمرے نصب کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے، جو ممنوعہ مقامات پر کھڑی گاڑیوں کی خودکار شناخت کر کے بغیر ٹریفک اہلکار کی مداخلت کے ای چالان جاری کریں گے۔

سندھ سیف سٹیز اتھارٹی کے مطابق یہ جدید کیمرے کراچی ٹریفک پولیس کے ٹریفک ریگولیشن اینڈ سٹیشن سسٹم (TRACS) سے منسلک ہوں گے، جس کے ذریعے خلاف ورزیوں کی فوری نشاندہی اور کارروائی ممکن ہو سکے گی۔

حکام کا کہنا ہے کہ یہ اقدام کراچی سیف سٹی پروجیکٹ کا حصہ ہے، جس کے تحت شہر بھر میں پہلے ہی 1,300 سے زائد مصنوعی ذہانت (AI) سے لیس نگرانی کے کیمرے نصب کیے جا چکے ہیں۔

حکام کے مطابق نئے اسمارٹ کیمروں کے ذریعے غیر قانونی پارکنگ کی حوصلہ شکنی، ٹریفک کی روانی میں بہتری اور خودکار نظام کے ذریعے شفاف انداز میں قوانین پر عملدرآمد کو یقینی بنایا جائے گا۔

یہ اقدام شہریوں کے لیے بہتر ٹریفک مینجمنٹ اور جدید نگرانی کے نظام کی جانب ایک اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔