کراچی: جمشید کوارٹر پولیس نے انٹیلیجنس اطلاع پر کارروائی کرتے ہوئے بدنام زمانہ منشیات فروش انمول عرف پنکی کے بھائی کامران مراد کو گرفتار کر لیا۔ پولیس کے مطابق ملزم کو گھوڑا چورنگی کے قریب سے حراست میں لیا گیا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم کے قبضے سے 2 کلو گرام اعلیٰ کوالٹی کی چرس اور آدھا کلو گرام آئس (کرسٹل میتھ) برآمد ہوئی۔ اس کے علاوہ ایک موبائل فون، پرس، شناختی کارڈ اور نقد رقم بھی تحویل میں لے لی گئی۔
پولیس کے مطابق گرفتار ملزم کراچی کے مختلف علاقوں میں چرس، آئس اور ہیروئن کی سپلائی میں ملوث تھا اور نوجوانوں کو آئس اور ہیروئن کے نشے کا عادی بنانے میں بھی سرگرم تھا۔
تحقیقات کے مطابق کامران مراد عادی مجرم ہے اور منشیات فروشی کے مقدمات میں پہلے بھی جیل جا چکا ہے۔ پولیس نے اس کے خلاف تھانہ جمشید کوارٹر میں منشیات ایکٹ کے تحت دو مقدمات درج کر لیے ہیں۔
پولیس کا مزید کہنا ہے کہ گرفتار ملزم سے انمول عرف پنکی نیٹ ورک کے حوالے سے مزید تفتیش جاری ہے تاکہ منشیات کے اس نیٹ ورک میں ملوث دیگر افراد کو بھی قانون کے کٹہرے میں لایا جا سکے۔




