کراچی: انسپکٹر جنرل (آئی جی) سندھ پولیس جاوید عالم اوڈھو نے کہا ہے کہ پولیس اہلکار اپنے بہترین اخلاق، پیشہ ورانہ مہارت اور دیانتداری سے عوام کا اعتماد بحال کریں، کیونکہ پولیس کی وردی نہ صرف ایک اعزاز بلکہ ایک بڑی ذمہ داری اور امتحان بھی ہے۔

وہ شاہد حیات پولیس ٹریننگ کالج سعید آباد میں 132ویں پاسنگ آؤٹ پریڈ کی تقریب سے خطاب کر رہے تھے، جہاں انہوں نے نئے فارغ التحصیل پولیس اہلکاروں کو عوامی خدمت، قانون کی بالادستی اور پیشہ ورانہ فرائض ایمانداری سے انجام دینے کی تلقین کی۔

آئی جی سندھ نے کہا کہ کراچی میں اسٹریٹ کرائم کا خاتمہ اور کچے کے علاقوں میں ڈاکوؤں کا مکمل صفایا سندھ پولیس کے لیے اہم چیلنجز ہیں، جن سے نمٹنے کے لیے بھرپور اقدامات کیے جا رہے ہیں۔

انہوں نے زور دیا کہ پولیس کا بنیادی مقصد عوام کے جان و مال کا تحفظ، انصاف کی بروقت فراہمی اور خلوصِ نیت کے ساتھ عوامی خدمت ہے۔ انہوں نے نئے اہلکاروں پر زور دیا کہ وہ اپنے کردار، نظم و ضبط اور پیشہ ورانہ صلاحیتوں کے ذریعے پولیس کے وقار میں اضافہ کریں۔

تقریب کے اختتام پر آئی جی سندھ نے پاس آؤٹ ہونے والے جوانوں کو مبارکباد دیتے ہوئے اس امید کا اظہار کیا کہ وہ اپنی ذمہ داریاں ایمانداری، جرات اور قانون کے مطابق انجام دیتے ہوئے عوام کے اعتماد پر پورا اتریں گے۔