کراچی: ملکی اور عالمی مارکیٹ میں سونے کی قیمت میں نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے، جس کے بعد پاکستان میں ایک تولہ سونے کی قیمت 4 ہزار روپے اضافے کے ساتھ 4 لاکھ 31 ہزار 736 روپے تک پہنچ گئی۔

آل پاکستان صرافہ جیمز اینڈ جیولرز ایسوسی ایشن کے مطابق 10 گرام سونے کی قیمت میں 3 ہزار 430 روپے کا اضافہ ہوا، جس کے بعد نئی قیمت 3 لاکھ 70 ہزار 144 روپے ہو گئی۔

دوسری جانب عالمی مارکیٹ میں بھی سونے کی قیمت میں 40 امریکی ڈالر فی اونس اضافہ ریکارڈ کیا گیا، جس کے بعد فی اونس سونا 4 ہزار 93 ڈالر پر جا پہنچا۔

ادھر چاندی کی قیمت میں بھی اضافہ دیکھنے میں آیا، جہاں ایک تولہ چاندی 100 روپے مہنگی ہو کر 6 ہزار 397 روپے کی سطح پر پہنچ گئی۔

ماہرین کے مطابق عالمی مارکیٹ میں سونے کی قیمتوں میں مسلسل اضافے کے اثرات مقامی مارکیٹ پر بھی مرتب ہو رہے ہیں، جس کے باعث سرمایہ کاروں اور خریداروں کو مزید قیمتوں میں اتار چڑھاؤ کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔