ٹاؤن میونسپل کارپوریشن (ٹی ایم سی) منگھوپیر نے چیئرمین حاجی نواز علی بروہی کی قیادت میں خدا کی بستی کی مرکزی شاہراہ کی ازسرِ نو تعمیر و بحالی کے منصوبے پر تیزی سے کام جاری رکھنے کا اعلان کیا ہے۔ یہ اہم شاہراہ یونین کونسل 9 اور یونین کونسل 10 کو آپس میں ملاتی ہے اور علاقے کی اہم ترین رابطہ سڑکوں میں شمار ہوتی ہے۔
ٹی ایم سی منگھوپیر کے مطابق تقریباً ایک کلومیٹر طویل یہ شاہراہ گزشتہ کئی برسوں سے خستہ حالی کا شکار تھی، جس کے باعث شہریوں، طلبہ، ملازمت پیشہ افراد اور ٹرانسپورٹرز کو شدید مشکلات کا سامنا تھا۔ منصوبے کے پہلے مرحلے میں ایک ٹریک مکمل کر کے ٹریفک کے لیے کھول دیا گیا ہے، جبکہ دوسرے ٹریک پر تعمیراتی کام تیزی سے جاری ہے، جسے جلد مکمل کر لیا جائے گا۔
حکام کا کہنا ہے کہ منصوبے کی تکمیل کے بعد خدا کی بستی اور گرد و نواح کے علاقوں میں ٹریفک کی روانی بہتر ہوگی، سفر کا وقت کم ہوگا، حادثات کے امکانات میں کمی آئے گی اور تجارتی سرگرمیوں کو بھی فروغ ملے گا۔
ترقیاتی کاموں کے جائزے کے موقع پر وائس چیئرمین منگھوپیر ٹاؤن رانا محمد عارف، مختلف یونین کونسلوں کے منتخب نمائندے، پاکستان پیپلز پارٹی کے کارکنان، سماجی شخصیات اور علاقہ مکین بھی موجود تھے۔
اس موقع پر چیئرمین حاجی نواز علی بروہی نے کہا کہ عوام کو معیاری بلدیاتی سہولیات کی فراہمی ان کی اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے بتایا کہ منگھوپیر ٹاؤن میں سڑکوں، سیوریج، نکاسیٔ آب، صفائی ستھرائی اور دیگر بنیادی ترقیاتی منصوبوں پر بلاامتیاز کام جاری ہے۔ انہوں نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ تمام منصوبے مقررہ معیار اور مقررہ وقت کے اندر مکمل کیے جائیں۔
علاقہ مکینوں اور تاجروں نے خدا کی بستی کی مرکزی شاہراہ کی تعمیر کو منگھوپیر ٹاؤن کی ترقی کے لیے اہم سنگِ میل قرار دیتے ہوئے سندھ حکومت، میئر کراچی مرتضیٰ وہاب اور چیئرمین حاجی نواز علی بروہی کی کاوشوں کو سراہا۔ شہریوں کا کہنا تھا کہ موجودہ بلدیاتی قیادت کے اقدامات سے علاقے میں ترقیاتی کاموں کا نیا دور شروع ہو چکا ہے، جس کے مثبت اثرات عوام تک پہنچ رہے ہیں۔




