اسلام آباد: سینیٹر کامران مرتضیٰ نے پاکستانی پاسپورٹ کی عالمی درجہ بندی میں مسلسل تنزلی پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے سینیٹ میں توجہ دلاؤ نوٹس جمع کرا دیا ہے۔ انہوں نے اس معاملے کو قومی وقار اور عوامی مفاد سے جڑا اہم مسئلہ قرار دیتے ہوئے فوری پارلیمانی بحث کرانے کا مطالبہ کیا۔

سینیٹر کامران مرتضیٰ کے مطابق 2006 میں پاکستانی پاسپورٹ عالمی درجہ بندی میں 79ویں نمبر پر تھا، جبکہ 2026 میں یہ تنزلی کے بعد 101ویں نمبر پر پہنچ چکا ہے، جو بین الاقوامی سطح پر پاکستان کی ساکھ کے لیے تشویش ناک صورتحال ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاسپورٹ کی عالمی درجہ بندی میں کمی کی بڑی وجوہات میں معاشی مشکلات، سیکیورٹی خدشات اور غیر قانونی ہجرت جیسے عوامل شامل ہیں، جن پر حکومت کو سنجیدگی سے توجہ دینا ہوگی۔

سینیٹر کامران مرتضیٰ نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ پاکستانی پاسپورٹ کی عالمی ساکھ بحال کرنے اور اس کی درجہ بندی بہتر بنانے کے لیے مؤثر اور عملی اقدامات کیے جائیں۔ ان کا کہنا تھا کہ اس معاملے پر فوری طور پر سینیٹ میں تفصیلی بحث ہونی چاہیے تاکہ قابلِ عمل سفارشات مرتب کی جا سکیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ پاکستانی پاسپورٹ کی گرتی ہوئی عالمی حیثیت صرف سفری سہولیات کا مسئلہ نہیں بلکہ یہ قومی وقار، بین الاقوامی اعتماد اور عوامی مفاد سے بھی براہِ راست وابستہ ہے، اس لیے حکومت اس مسئلے کو ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کے لیے فوری اقدامات کرے۔