کراچی کے علاقے بلوچ کالونی کے قریب ایڈمنسٹریٹو سوسائٹی میں عمارت گرنے کے واقعے پر وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے شدید برہمی کا اظہار کرتے ہوئے اعلیٰ سطحی اجلاس طلب کرلیا۔ وزیراعلیٰ ہاؤس میں ہونے والے اجلاس میں صوبائی وزراء سید ناصر حسین شاہ، ضیاءالحسن لنجار، میئر کراچی مرتضیٰ وہاب، چیف سیکریٹری آصف حیدر شاہ، کمشنر کراچی حسن نقوی اور دیگر اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔

اجلاس کے دوران وزیراعلیٰ سندھ نے عمارت گرنے کے واقعے پر شدید ناراضگی اور غم و غصے کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ "میں کسی ایسے واقعے کو برداشت نہیں کروں گا جس میں جانی نقصان ہو یا کسی انسان کو اذیت پہنچے۔"

وزیراعلیٰ سندھ نے متعلقہ حکام سے بریفنگ لینے کے بعد وزیر بلدیات سید ناصر حسین شاہ کی مشاورت سے محکمہ بلدیات کے حوالے سے اہم فیصلے کیے اور سیکریٹری بلدیات وسیم شمشاد کو فوری طور پر عہدے سے ہٹانے کا حکم دے دیا۔ اس کے علاوہ وسیم شمشاد کو ڈائریکٹر جنرل سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی (SBCA) کے عہدے سے بھی ہٹا دیا گیا۔

وزیراعلیٰ سندھ نے وفاقی حکومت کو وسیم شمشاد کی فوری معطلی اور ان کے خلاف انکوائری کی سفارش بھی کردی۔ واقعے کے پیش نظر ڈپٹی کمشنر ایسٹ نصراللہ عباسی کو بھی عہدے سے ہٹانے کا حکم دیا گیا، جبکہ غفلت برتنے پر وزیر داخلہ کی مشاورت سے ایس ایس پی ایسٹ زبیر شیخ کو بھی فوری طور پر عہدے سے ہٹا دیا گیا۔

اجلاس میں سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی کے متعلقہ 16 افسران کو معطل کرنے کا حکم بھی دیا گیا۔ وزیراعلیٰ سندھ نے ہدایت کی کہ ضروری انکوائری کے بعد اگر بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی کا کوئی بھی ملازم غفلت یا بے ضابطگی میں ملوث پایا جائے تو اس کے خلاف تادیبی کارروائی کی جائے۔

وزیراعلیٰ سندھ نے عمارت کے مالک سلمان طاہر اور بلڈر ذیشان کو فوری گرفتار کرنے کی ہدایت بھی جاری کی، جبکہ چیف سیکریٹری کو عمارت کے آرکیٹیکٹ اور انجینئر کو بھی تحقیقات میں شامل کرنے کی ہدایت کی۔

اجلاس میں وزیراعلیٰ سندھ نے واضح کیا کہ انسانی جانوں کے تحفظ میں غفلت برداشت نہیں کی جائے گی اور واقعے کے ذمہ داروں کے خلاف کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔