لاہور: پاکستان پیپلز پارٹی شعبہ خواتین کی مرکزی صدر فریال تالپور سے پیپلز لائرز فورم وسطی پنجاب کی صوبائی اور ڈویژنل قیادت سمیت مختلف بارز کے عہدیداران نے گورنر ہاؤس لاہور میں ملاقات کی۔
ملاقات میں نیئر حسین بخاری، راجہ پرویز اشرف، ہمایوں خان، سردار سلیم حیدر، قمر زمان کائرہ، سید حسن مرتضیٰ، شہزاد سعید چیمہ، رانا فاروق، سینیٹر روبینہ خالد اور فائزہ ملک بھی موجود تھے۔
اس موقع پر فریال تالپور کو پیپلز لائرز فورم وسطی پنجاب کے تنظیمی ڈھانچے، کارکردگی اور سیاسی و قانونی امور کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی گئی۔
فریال تالپور نے وکلاء قیادت سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آئین کی بالادستی، جمہوریت کے استحکام اور قانون کی حکمرانی کے لیے پنجاب کی وکلاء برادری کا کردار ہمیشہ اہم رہا ہے۔ وکلاء صرف قانون کی تشریح کرنے والا طبقہ نہیں بلکہ آئین کے تحفظ، جمہوری اقدار کے فروغ اور عوام کے حقوق کی پاسداری میں بھی اہم کردار ادا کرتے ہیں۔
انہوں نے ہدایت کی کہ پنجاب کے وکلاء اپنی تاریخی جدوجہد کو آگے بڑھاتے ہوئے پیپلز لائرز فورم کو مزید فعال اور منظم بنائیں۔ ان کا کہنا تھا کہ بارز کی سطح پر تنظیم کو مضبوط کرنے، نوجوان وکلاء کو آگے لانے اور ان کی صلاحیتوں کو عوامی و قومی خدمت کے لیے استعمال کرنے کی ضرورت ہے۔
فریال تالپور نے کہا کہ آئین و قانون کی بالادستی اور عوام کے جمہوری و بنیادی حقوق کے تحفظ کی جدوجہد میں چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کا ساتھ دیں اور ان کے ہاتھ مضبوط بنائیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی وکلاء برادری کی آئینی، قانونی اور جمہوری جدوجہد کو قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے اور اس جدوجہد میں ان کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔





