آپ نے ایک مخصوص سوچ رکھنے والے لوگوں سے یہ جملہ ضرور سنا ہوگا کہ ’’کراچی پورے ملک کو پالتا ہے۔‘‘ بعض ماہرینِ معاشیات بھی یہ بات دہراتے رہتے ہیں کہ شہر معاشی ترقی کے انجن ہوتے ہیں۔ اس میں کوئی شک نہیں کہ کراچی کو پاکستان کا معاشی مرکز، تجارتی دروازہ اور ملک کے سب سے بڑے صنعتی شہر کی حیثیت حاصل ہے۔ اس کی بندرگاہوں، مالیاتی اداروں، صنعتوں، تجارتی سرگرمیوں اور ٹیکس وصولی میں اہم کردار سے انکار نہیں کیا جا سکتا۔

لیکن جب یہ کہا جاتا ہے کہ کراچی پورے پاکستان کی کفالت کرتا ہے یا پورے ملک کا بوجھ اکیلا اٹھاتا ہے تو یہ دعویٰ نہ صرف معاشی حقائق کے برعکس ہے بلکہ ملک کے دیگر علاقوں، خصوصاً دیہی علاقوں کی محنت، وسائل اور پیداواری کردار کو بھی نظرانداز کرتا ہے۔

کسی بھی ملک کی معیشت کو صرف شہروں، تجارتی مراکز اور بندرگاہوں کی سرگرمیوں سے نہیں ناپا جا سکتا۔ کسی بھی معیشت کی اصل طاقت اس کی پیداواری بنیادوں، زرعی وسائل، توانائی، معدنیات، انسانی محنت اور قدرتی وسائل کی مجموعی قدر سے ظاہر ہوتی ہے۔

پاکستان کی معیشت میں زراعت کا حصہ مجموعی قومی پیداوار کا تقریباً 24 فیصد ہے۔ ملک کی برآمدات کا ایک بڑا حصہ بھی براہِ راست یا بالواسطہ زرعی پیداوار اور اس سے وابستہ صنعتوں پر مشتمل ہے۔ کپاس، چاول، گندم، گنا، پھل، سبزیاں اور مویشی نہ صرف ملک کی غذائی ضروریات پوری کرتے ہیں بلکہ صنعتوں کے لیے خام مال اور برآمدات کے لیے بنیادی اشیاء بھی فراہم کرتے ہیں۔

ملک کی زرعی پیداوار کا بڑا حصہ پنجاب اور سندھ کے دیہی علاقوں سے حاصل ہوتا ہے۔ ایک اندازے کے مطابق ان دونوں صوبوں کا مجموعی حصہ تقریباً 81 فیصد ہے۔ پنجاب کا حصہ تقریباً 58 فیصد جبکہ سندھ کا تقریباً 23 فیصد بتایا جاتا ہے۔ اس کا مطلب یہ ہے کہ ملک کی زرعی معیشت اور غذائی تحفظ کا بڑا بوجھ ان دونوں صوبوں کے کسانوں، آبادگاروں اور دیہی محنت کشوں کے کندھوں پر ہے۔

کراچی کے کروڑوں لوگوں کی غذائی ضروریات بھی انہی زرعی علاقوں سے پوری ہوتی ہیں۔ کراچی کے ہوٹلوں، بازاروں اور گھروں تک پہنچنے والی گندم، چاول، دودھ، سبزیاں اور پھل کسی شہری کارخانے میں پیدا نہیں ہوتے بلکہ سندھ اور پنجاب کے دیہی علاقوں میں کسانوں کی محنت، زمین، پانی اور قدرتی وسائل کی مدد سے حاصل ہوتے ہیں۔ اسی طرح کراچی میں قائم ٹیکسٹائل صنعتوں کے لیے کپاس اور چینی کے کارخانوں کے لیے گنا بھی دیہی علاقوں سے آتا ہے۔

زراعت کا ایک اور اہم شعبہ مویشی پالنا ہے۔ پاکستان دنیا میں دودھ پیدا کرنے والے بڑے ممالک میں شمار ہوتا ہے۔ لائیو اسٹاک کا شعبہ زرعی معیشت میں تقریباً 60 سے 62 فیصد حصہ رکھتا ہے اور مجموعی قومی پیداوار میں بھی اس کا اہم کردار ہے۔

ملک میں دودھ کی پیداوار کا بڑا حصہ پنجاب اور سندھ کے دیہی علاقوں سے حاصل ہوتا ہے، جبکہ خیبرپختونخوا اور بلوچستان بھی اس میں اپنا حصہ ڈالتے ہیں۔ کراچی کی دودھ کی منڈی سے لے کر گوشت کی فراہمی تک دیہی علاقوں کے مویشی پالنے والے لوگوں کی محنت شامل ہے۔ افسوس کہ ان پیداواری طبقوں کو نہ مناسب منڈیاں میسر ہیں، نہ جدید سہولیات اور نہ ہی ان کی محنت کا پورا معاوضہ ملتا ہے۔ شہروں میں دودھ اور گوشت کی تجارت سے بڑے کاروبار ہوتے ہیں لیکن بنیادی پیداوار کرنے والے زیادہ تر لوگ معاشی طور پر کمزور رہتے ہیں۔

پاکستان کی صنعتی اور شہری زندگی کا انحصار تیل، قدرتی گیس اور دیگر توانائی کے وسائل پر ہے۔ کارخانے، بجلی گھر، ٹرانسپورٹ، اسپتال اور شہری رہائشی علاقے ان وسائل کے بغیر نہیں چل سکتے۔ لیکن ان وسائل کی پیداوار کا بڑا حصہ کراچی سے دور واقع دیہی علاقوں سے حاصل ہوتا ہے۔

قدرتی گیس کی پیداوار میں سندھ کا حصہ 65 سے 70 فیصد ہے۔ اس کے علاوہ بلوچستان اور خیبرپختونخوا بھی گیس فراہم کرتے ہیں۔ یہ تمام گیس فیلڈز دیہی علاقوں میں واقع ہیں، جہاں کے لوگ آج بھی لکڑیوں پر گزارا کرنے پر مجبور ہیں۔ سندھ کے دیہی علاقے کراچی کی صنعتوں، کاروبار اور گھریلو ضروریات کے لیے گیس فراہم کرتے ہیں۔

اسی طرح خام تیل کی پیداوار کا تقریباً 80 فیصد حصہ سندھ اور خیبرپختونخوا کے علاقوں سے آتا ہے، لیکن ان وسائل کی پیداوار والے کئی علاقوں میں آج بھی غربت، بے روزگاری، تعلیم اور صحت کی بنیادی سہولیات کا فقدان ہے۔

یاد رہے کہ کراچی، دیہی علاقوں سے حاصل ہونے والی گیس سے سب سے زیادہ فائدہ اٹھانے والا شہر ہے۔ سوئی سدرن گیس کی مجموعی 50 ہزار کلومیٹر پائپ لائن میں سے 16 ہزار کلومیٹر پائپ لائن صرف کراچی شہر میں ہے۔ سندھ اور بلوچستان کے 32 لاکھ گیس صارفین میں سے 20 لاکھ صرف کراچی میں ہیں۔

پاکستان کے توانائی اور صنعتی مستقبل میں معدنی وسائل کی اہمیت بڑھ رہی ہے۔ تھر کا کوئلہ اس کی واضح مثال ہے۔ تھر میں کوئلے کے تقریباً 175 سے 185 ارب ٹن ذخائر موجود ہونے کا اندازہ ہے۔ تھر کے کوئلے سے تقریباً تین ہزار میگاواٹ بجلی پیدا کرنے کے منصوبے ملک کے بجلی کے نظام میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔

بلوچستان بھی معدنی دولت سے مالا مال ہے۔ چاغی کے سیندک اور ریکوڈک کے علاقے سونے اور تانبے کے بڑے ذخائر کی وجہ سے عالمی اہمیت رکھتے ہیں۔ مسلم باغ کا کرومائٹ، خضدار کا بیرائٹ، دکی اور مچھ کا کوئلہ اور مختلف علاقوں کا سنگِ مرمر قومی معیشت میں اپنا حصہ ڈالتے ہیں۔

خیبرپختونخوا کے پہاڑوں سے سنگِ مرمر، کرومائٹ، زمرد اور دیگر قیمتی پتھر حاصل ہوتے ہیں، جبکہ پنجاب کے دیہی علاقوں سے نمک، لوہا، جپسم اور دیگر معدنیات پیدا ہوتی ہیں۔ یہ تمام وسائل ملک کی تعمیراتی صنعت، توانائی، برآمدات اور صنعتی پیداوار کے لیے بنیادی اہمیت رکھتے ہیں۔ یہ تمام دولت ملک کے مختلف صوبوں کے دیہی علاقے پیدا کرتے ہیں۔

کراچی کی معاشی اہمیت ثابت کرنے کے لیے اکثر یہ دلیل دی جاتی ہے کہ ملک کے 60 فیصد سے زیادہ ٹیکس کراچی سے وصول ہوتے ہیں۔ بظاہر یہ اعداد و شمار کراچی کی غیرمعمولی معاشی حیثیت ظاہر کرتے ہیں، لیکن ان کی درست تشریح ضروری ہے۔

ملک کی کئی بڑی کمپنیوں، بینکوں، انشورنس اداروں، تیل اور گیس کمپنیوں اور ملٹی نیشنل اداروں کے مرکزی دفاتر کراچی میں قائم ہیں۔ ان کمپنیوں کے کاروبار اور آمدنی کے ذرائع پورے ملک میں پھیلے ہوئے ہیں۔ ان کی پیداوار، فروخت اور خدمات کا دائرہ شہروں کے ساتھ دیہی علاقوں تک بھی پھیلا ہوا ہے، لیکن مرکزی دفاتر اور ٹیکس کے انتظامی نظام کی وجہ سے ان کے کئی ٹیکس کراچی میں جمع ہوتے ہیں۔

مثال کے طور پر اینگرو اور دیگر کمپنیوں کے کھاد کے کارخانے اور تیل و گیس کے بیشتر ذخائر دیہی علاقوں میں واقع ہیں، لیکن ان کا ٹیکس کراچی میں فائل کیا جاتا ہے۔ اس کے علاوہ کراچی میں قائم ادویات اور ٹیکسٹائل کے کارخانے پورے ملک میں کاروبار کرتے ہیں، لیکن ان کا ٹیکس کراچی میں جمع ہوتا ہے۔

اسی طرح کراچی کی بندرگاہیں ملک کی تجارت کا ایک بڑا دروازہ ہیں۔ پنجاب اور خیبرپختونخوا کی صنعتوں کے لیے درآمد ہونے والی مشینری، خام مال اور دیگر سامان بھی کراچی کی بندرگاہوں کے ذریعے آتا ہے۔ اس پر ادا ہونے والی کسٹم ڈیوٹی اور دیگر ٹیکس بھی بندرگاہ کے مقام کی بنیاد پر کراچی کے کھاتے میں شمار ہوتے ہیں۔ لیکن اس کا مطلب یہ نہیں کہ یہ ٹیکس کراچی میں پیدا ہوئے ہیں۔

لہٰذا یہ تمام ٹیکس صرف کراچی میں پیدا نہیں ہوتے بلکہ وہاں جمع ہوتے ہیں۔ اسی لیے ٹیکس وصولی کے جغرافیائی مقام کو معاشی پیداوار کا مکمل اور حتمی ثبوت قرار دینا درست نہیں۔ ٹیکس کے اعداد و شمار کو سمجھنے کے لیے یہ دیکھنا ضروری ہے کہ آمدنی کہاں پیدا ہوئی، تجارت کہاں ہوئی، کمپنی کا مرکزی دفتر کہاں ہے اور ٹیکس کس انتظامی مقام پر جمع ہوا۔

اگر ٹیکس اسی مقام پر جمع کرانا لازمی قرار دیا جائے جہاں وہ پیدا ہوتا ہے تو کراچی سمیت صوبے کے دیگر اضلاع کا ٹیکس میں اصل حصہ بھی سامنے آ جائے گا۔

اسی طرح کراچی کی زندگی کے لیے پانی بھی بنیادی اہمیت رکھتا ہے۔ شہر کو پانی کی فراہمی کا بڑا انحصار دریائے سندھ کے نظام پر ہے۔ دریائے سندھ شمالی علاقوں کے پہاڑوں اور گلیشیئرز سے اپنا سفر شروع کرتا ہے، پنجاب کے میدانوں اور سندھ کے علاقوں سے گزرتا ہوا کراچی تک پہنچتا ہے۔

یہ پانی نہ صرف شہر کے گھروں کی ضروریات پوری کرتا ہے بلکہ صنعتوں اور دیگر معاشی سرگرمیوں کے لیے بھی ضروری ہے۔ یہ ایک قدرتی مثال ہے کہ کس طرح ایک شہر کی زندگی ملک کے دیگر علاقوں کے قدرتی وسائل سے جڑی ہوئی ہے۔

دریائے سندھ کا پانی کسی ایک شہر کی پیداوار نہیں بلکہ ایک وسیع دریائی نظام اور اس سے وابستہ لاکھوں لوگوں کی زندگی کا حصہ ہے۔ کراچی کا زیرِ زمین پانی سمندر کی وجہ سے کھارا ہے اور شہر کے لیے دریائے سندھ کا پانی زندگی کا ذریعہ ہے۔

اس بحث کا مقصد کراچی کی اہمیت کم کرنا نہیں بلکہ ملک کے دیگر معاشی شراکت داروں کے کردار کو تسلیم کرنا ہے۔ کراچی کی صنعتوں، بندرگاہوں، مالیاتی اداروں اور تجارتی سرگرمیوں کے بغیر پاکستان کی معیشت کا تصور نامکمل ہے، لیکن اسی طرح سندھ اور پنجاب کی زرعی پیداوار، بلوچستان اور خیبرپختونخوا کی معدنی دولت، تھر کا کوئلہ، سندھ اور دیگر صوبوں کی گیس، دریاؤں کا پانی اور پورے ملک کے محنت کشوں کے بغیر بھی کراچی کی معیشت نہیں چل سکتی۔

اس لیے کراچی کو ملک کی معاشی ترقی کا انجن تو قرار دیا جا سکتا ہے، لیکن اس انجن کو چلانے والا ایندھن پورے ملک کے دیہی علاقوں سے آتا ہے۔

لہٰذا یہ کہنا زیادہ مناسب ہوگا کہ کراچی اکیلا پاکستان کی کفالت نہیں کرتا اور نہ ہی کوئی دوسرا شہر یا صوبہ اکیلا پاکستان کو چلاتا ہے۔ پاکستان کی معیشت کسی ایک شہر کی جاگیر نہیں بلکہ وفاق کی تمام اکائیوں کے شہروں اور دیہی علاقوں کی مشترکہ ملکیت ہے۔