کراچی: آئی جی سندھ نے پولیس افسران کی میڈیا میں شرکت سے متعلق نئی ہدایات جاری کرتے ہوئے واضح کیا ہے کہ اب کوئی بھی پولیس افسر پیشگی منظوری کے بغیر ٹی وی، ریڈیو، پوڈکاسٹ، پریس کانفرنس یا کسی بھی ڈیجیٹل میڈیا پلیٹ فارم پر سرکاری حیثیت میں اظہارِ خیال نہیں کر سکے گا۔

جاری کردہ ہدایات کے مطابق تمام پولیس افسران کے لیے میڈیا بریفنگ، انٹرویوز اور عوامی فورمز میں شرکت سے قبل آئی جی سندھ کی باقاعدہ اجازت حاصل کرنا لازمی قرار دیا گیا ہے۔

پالیسی کے مطابق میڈیا میں شرکت کے لیے درخواست متعلقہ فارمیشن کے سربراہ کے ذریعے ارسال کی جائے گی، جبکہ اجازت ملنے کے بعد افسران صرف منظور شدہ ایجنڈے کے مطابق ہی گفتگو کر سکیں گے۔

ہدایت نامے میں اس بات پر بھی زور دیا گیا ہے کہ جاری تحقیقات، انٹیلی جنس معلومات، آپریشنل منصوبوں اور دیگر حساس سرکاری امور سے متعلق کسی بھی قسم کی معلومات میڈیا پر شیئر کرنے کی اجازت نہیں ہوگی۔

آئی جی سندھ نے تمام ایڈیشنل آئی جیز، ڈی آئی جیز، ایس ایس پیز اور دیگر نگران افسران کو ہدایت کی ہے کہ وہ نئی پالیسی پر سختی سے عملدرآمد یقینی بنائیں۔

اعلامیے میں خبردار کیا گیا ہے کہ ان ہدایات کی خلاف ورزی کرنے والے افسران کے خلاف محکمانہ کارروائی عمل میں لائی جا سکتی ہے۔

یہ نئی پالیسی پولیس کے میڈیا سے رابطوں کو منظم بنانے، حساس معلومات کے تحفظ اور سرکاری مؤقف کو مؤثر انداز میں پیش کرنے کے مقصد سے نافذ کی گئی ہے۔