کراچی: پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری سے بلاول ہاؤس کراچی میں سندھ کے سینئر وزیر شرجیل انعام میمن، رکن قومی اسمبلی سید خورشید احمد شاہ، رکن قومی اسمبلی سید نوید قمر، پی پی پی سکھر کے رہنما سید زیرک شاہ اور سندھ کے وزیر بلدیات سید ناصر حسین شاہ نے الگ الگ ملاقاتیں کیں۔
ملاقات کے دوران شرجیل انعام میمن نے بلاول بھٹو زرداری کو ٹرانسپورٹ سے متعلق عوامی میگا منصوبوں میں پیشرفت کے حوالے سے بریفنگ دی۔
سید خورشید احمد شاہ سے ملاقات میں ملکی سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا، جبکہ سید نوید قمر سے ملاقات کے دوران پارلیمان میں قانون سازی سے متعلق مختلف امور پر گفتگو ہوئی۔
پی پی پی سکھر کے رہنما سید زیرک شاہ سے ملاقات میں سکھر اور پنوعاقل کی سیاسی صورتحال پر بات چیت کی گئی۔
دوسری جانب صوبائی وزیر بلدیات سید ناصر حسین شاہ نے بلاول بھٹو زرداری سے ملاقات کے دوران اپنے محکمے کی کارکردگی سے متعلق آگاہ کیا۔
اس موقع پر بلاول بھٹو زرداری نے لاڑکانہ چیمبر آف کامرس کے سابق نائب صدر علی رضا کھوکھر سے ان کی والدہ کے انتقال پر بھی دلی تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کیا۔ انہوں نے مرحومہ کے لیے جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام اور سوگوار خاندان کے لیے صبر جمیل کی دعا کی۔




