کراچی: ترجمان سندھ حکومت سمعتا افضال سید نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما حلیم عادل شیخ کے حالیہ بیان پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ اپنے دورِ حکومت میں کراچی کو صرف دعوے اور وعدے دینے والے آج عوام کو گمراہ کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔

ترجمان سندھ حکومت نے اپنے بیان میں کہا کہ کراچی میں پانی کی قلت کا مسئلہ کئی دہائیوں سے موجود ہے، تاہم سندھ حکومت اس کے مستقل حل کے لیے نئی واٹر سپلائی اسکیموں، پانی کی ترسیلی لائنوں کی بحالی اور انفراسٹرکچر کی اپ گریڈیشن پر مسلسل کام کر رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی رہنما سندھ حکومت پر بے بنیاد تنقید کرنے سے پہلے اپنے وفاقی دورِ حکومت کی کارکردگی کا جائزہ لیں۔ ان کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی نے کراچی کے لیے اربوں روپے کے ترقیاتی پیکجز اور کراچی ٹرانسفارمیشن پلان کے بڑے بڑے دعوے کیے، لیکن ان میں سے بیشتر منصوبے عملی شکل اختیار نہ کر سکے۔

سمعتا افضال سید نے کہا کہ پی ٹی آئی کے دورِ حکومت میں گرین لائن منصوبہ مسلسل تاخیر کا شکار رہا، جبکہ کراچی سرکلر ریلوے سمیت متعدد اہم ترقیاتی منصوبوں پر بھی کوئی خاطر خواہ پیش رفت نہیں ہو سکی۔

انہوں نے مزید کہا کہ تحریک انصاف نے کراچی کے عوام کو صرف سیاسی بیانات دیے، جبکہ عملی اقدامات نہ ہونے کے برابر تھے۔ آج وہی عناصر سندھ حکومت پر تنقید کر رہے ہیں جنہوں نے اپنے اقتدار کے دوران شہریوں کو مایوس کیا۔

ترجمان سندھ حکومت نے اس عزم کا اظہار کیا کہ سندھ حکومت شہریوں کو بہتر بنیادی سہولیات کی فراہمی کے لیے اپنی ذمہ داریاں پوری کر رہی ہے اور عوامی مسائل کے حل کے لیے مختلف ترقیاتی منصوبوں پر کام جاری ہے۔

انہوں نے کہا کہ بے بنیاد پروپیگنڈے اور سیاسی الزامات سے حقائق تبدیل نہیں کیے جا سکتے، سندھ حکومت کراچی سمیت پورے صوبے میں عوامی فلاح و بہبود کے منصوبوں پر توجہ دے رہی ہے۔