کراچی: کراچی کے تاریخی علاقے لی مارکیٹ میں کھدائی کے دوران قدیم طرز کے دو مجسمے برآمد ہونے کا انکشاف سامنے آیا ہے، جس نے شہریوں اور تاریخ سے دلچسپی رکھنے والے افراد کی توجہ اپنی جانب مبذول کر لی ہے۔

ذرائع کے مطابق، یہ مجسمے کے ایم سی (کراچی میونسپل کارپوریشن) کے عملے کو ترقیاتی کاموں کے دوران کھدائی کرتے ہوئے ملے۔ مجسموں کی دریافت کے بعد متعلقہ حکام کو آگاہ کر دیا گیا ہے۔

میئر کراچی مرتضیٰ وہاب نے مجسمے ملنے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ یہ واقعی ایک دلچسپ دریافت ہے، تاہم ان کی قدامت اور تاریخی حیثیت کا تعین ماہرین ہی کر سکتے ہیں۔

کے ایم سی ذرائع کے مطابق، مجسموں کے قدیم ہونے یا ان کی تاریخی اہمیت کے حوالے سے حتمی رائے محکمہ آثارِ قدیمہ کی جانچ کے بعد ہی سامنے آئے گی۔

واضح رہے کہ لی مارکیٹ کراچی کے قدیم اور تاریخی علاقوں میں شمار ہوتی ہے، جہاں ماضی میں بھی مختلف ادوار سے متعلق آثار ملنے کی اطلاعات سامنے آتی رہی ہیں۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ اگر یہ مجسمے واقعی تاریخی نوعیت کے ثابت ہوتے ہیں تو یہ کراچی کی تاریخ کے حوالے سے ایک اہم دریافت ہو سکتی ہے۔

مزید تحقیقات اور محکمہ آثارِ قدیمہ کی رپورٹ کے بعد ہی مجسموں کی اصل عمر، نوعیت اور تاریخی اہمیت کے بارے میں واضح معلومات سامنے آئیں گی۔