لاڑکانہ: سندھ ایجوکیشن فاؤنڈیشن (SEF) اور اقوامِ متحدہ کے ترقیاتی پروگرام (UNDP) کے اشتراک سے یوتھ ایجوکیشن، ایمپلائمنٹ اینڈ ایمپاورمنٹ پروجیکٹ (YEEEP) کے تحت زیبسٹ زیب ٹیک لاڑکانہ میں منعقدہ 21 روزہ اسکل ڈویلپمنٹ ٹریننگ کامیابی سے مکمل ہونے پر گریجویشن تقریب کا انعقاد کیا گیا۔
تقریب میں 38 طالبات اور 32 طلبہ سمیت مجموعی طور پر 70 نوجوانوں کو مارکیٹ کی ضروریات سے ہم آہنگ ووکیشنل اور آئی ٹی مہارتوں کی تربیت مکمل کرنے پر اسناد تقسیم کی گئیں۔
اس موقع پر ریجنل ہیڈ سندھ ایجوکیشن فاؤنڈیشن لاڑکانہ دلشاد پیرزادہ اور ڈسٹرکٹ ہیڈ شعیب احمد نے کامیاب شرکاء کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ جدید فنی مہارتیں نوجوانوں کو باعزت روزگار، خود روزگاری اور روشن مستقبل کی جانب گامزن کرتی ہیں۔
تقریب کے لیے اپنے خصوصی پیغام میں سندھ ایجوکیشن فاؤنڈیشن کے منیجنگ ڈائریکٹر گھنور علی لغاری نے کہا کہ فاؤنڈیشن نوجوانوں کو جدید اور مارکیٹ کی طلب کے مطابق فنی تربیت فراہم کرنے کے لیے پرعزم ہے، جبکہ UNDP کے تعاون سے YEEEP منصوبہ نوجوانوں کو بااختیار بنانے اور روزگار کے مواقع پیدا کرنے میں اہم کردار ادا کر رہا ہے۔
تقریب کے اختتام پر شرکاء، تربیت کاروں اور شراکت دار اداروں کی خدمات کو سراہا گیا اور نوجوانوں کے روشن مستقبل کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا گیا۔




