کراچی: پاکستان پیپلز پارٹی سندھ کے رہنما سعید غنی نے آزاد جموں و کشمیر کے انتخابات کے موقع پر کہا ہے کہ آج کا انتخاب کشمیری عوام کے حقیقی مسائل اور سیاسی نعروں کے درمیان فیصلہ کن معرکہ ہے۔
انہوں نے اپنے بیان میں کہا کہ کشمیری عوام کو نمائشی منصوبوں کی نہیں بلکہ حقِ حاکمیت، حقِ ملکیت اور حقِ روزگار کی ضرورت ہے۔ ان کے مطابق باشعور کشمیری اپنے بنیادی آئینی حقوق کے تحفظ کے لیے پاکستان پیپلز پارٹی کے امیدواروں کو ووٹ دیں گے۔
سعید غنی نے وفاقی حکومت کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ کشمیری عوام اب جھوٹے وعدوں اور سیاسی دعوؤں پر یقین نہیں رکھتے۔ انہوں نے کہا کہ "بارہ ارب روپے کا شاہانہ جہاز خریدنے والے، دس بسوں سے غیرت مند کشمیریوں کا ضمیر نہیں خرید سکتے۔"
انہوں نے مزید کہا کہ ایک جانب چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کشمیریوں کو قومی اسمبلی اور سینیٹ میں مؤثر نمائندگی دینے کی بات کرتے ہیں، جبکہ دوسری جانب بعض عناصر صرف اقتدار کے حصول کی سیاست کر رہے ہیں۔
سعید غنی کا کہنا تھا کہ پاکستان پیپلز پارٹی نے ہمیشہ عالمی سطح پر مسئلہ کشمیر کو مؤثر انداز میں اجاگر کیا ہے اور پارٹی کا کشمیر کے عوام سے تاریخی اور مضبوط رشتہ آج بھی قائم ہے۔
انہوں نے آزاد کشمیر کے عوام سے اپیل کی کہ وہ اپنے ووٹ کی طاقت سے اپنے مستقبل کا فیصلہ کریں اور ایسے نمائندوں کا انتخاب کریں جو ان کے بنیادی حقوق اور عوامی مفادات کے لیے مؤثر آواز بن سکیں۔




