وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے چین کے شہر ووہان میں ایچ بی ایس زیڈ (HBSZ) کمپنی کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے کراچی میں پانی کی فراہمی بہتر بنانے کے لیے 100 کلومیٹر سے زائد طویل پائپ لائن بچھانے کے منصوبے میں تعاون کی دعوت دی۔ اس موقع پر انہوں نے سکھر بیراج کے لیے تیار کیے جانے والے نئے گیٹس کا بھی معائنہ کیا۔
وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کا کہنا تھا کہ کراچی میں پانی کی فراہمی بہتر بنانے کے لیے 100 کلومیٹر طویل پائپ لائن بچھائی جائے گی۔ سندھ حکومت اس منصوبے کو جلد از جلد مکمل کرنا چاہتی ہے اور اس سلسلے میں پائپ لائن بچھانے کا کام جلد شروع کیا جائے گا۔
چینی کمپنی نے کراچی میں پانی کی پائپ لائن بچھانے کے منصوبے پر کام کرنے میں دلچسپی ظاہر کی۔ کمپنی کے پراجیکٹ مینجمنٹ آفس اور پراجیکٹ امپلیمنٹیشن کنسلٹنٹ نے وزیراعلیٰ سندھ اور ان کے وفد کا استقبال کیا۔ صوبائی وزیر آبپاشی جام خان شورو بھی ایچ بی ایس زیڈ کی تنصیب پر موجود تھے۔
سکھر بیراج کے نئے گیٹس کا معائنہ
وزیراعلیٰ سندھ نے سکھر بیراج کے لیے چین میں تیار کیے جانے والے نئے گیٹس کا معائنہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ سکھر بیراج سندھ کی معیشت کے لیے انتہائی اہمیت رکھتا ہے اور اسے صوبے کی معاشی شہ رگ کی حیثیت حاصل ہے۔
مراد علی شاہ کے مطابق سکھر بیراج کی بحالی کے بعد پانی کی ترسیل کے نظام میں نمایاں بہتری آئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اپنے کمانڈ ایریا کے لحاظ سے سکھر بیراج دنیا کے بڑے بیراجوں میں شمار ہوتا ہے۔
واضح رہے کہ سکھر بیراج کی بحالی اور جدید کاری کے لیے چین میں بڑے اور نئے گیٹس تیار کیے جا رہے ہیں۔
وزیراعلیٰ سندھ کو منصوبے پر بریفنگ
دورے کے دوران وزیراعلیٰ سندھ کو سکھر بیراج کے گیٹس کی تیاری اور منصوبے پر ہونے والی پیش رفت کے حوالے سے بریفنگ دی گئی۔
بریفنگ کے مطابق سکھر بیراج کے ہر گیٹ کا وزن 50 ٹن سے زیادہ ہے، جنہیں تیاری مکمل ہونے کے بعد پاکستان منتقل کیا جائے گا۔ منصوبے پر عمل درآمد مسلسل چوتھے سال بھی جاری ہے۔
بریفنگ میں بتایا گیا کہ بیراج کے 54 میں سے 44 گیٹس اور ان کے کھولنے اور بند کرنے کے نظام کو تبدیل کرکے فعال کردیا گیا ہے، جبکہ ان 44 گیٹس کی سول مرمت کا کام بھی مکمل ہوچکا ہے۔ باقی 10 گیٹس بھی تیار کرلیے گئے ہیں اور انہیں جلد سکھر منتقل کیا جائے گا۔
وزیراعلیٰ سندھ نے بتایا کہ سکھر بیراج کی بحالی کا منصوبہ 24 فروری 2023 کو شروع کیا گیا تھا، جس کی تکمیل کا ہدف 30 جون 2027 مقرر کیا گیا ہے۔
سکھر بیراج کی جدید کاری اور بحالی کا ٹھیکہ سی آر بی سی (CRBC) اور ایچ بی ایس زیڈ (HBSZ) کو مشترکہ طور پر دیا گیا ہے۔ یہ منصوبہ سکھر اور گڈو بیراجوں کی بحالی کے وسیع تر پروگرام کا حصہ ہے۔
مراد علی شاہ کے مطابق سکھر بیراج کی بہتری کے منصوبے کے لیے عالمی بینک، حکومت پاکستان اور حکومت سندھ مالی معاونت فراہم کررہے ہیں۔ منصوبے کو پانچ حصوں میں تقسیم کیا گیا ہے، جن میں پہلے حصے کے تحت سکھر اور گڈو بیراجوں کی بحالی شامل ہے۔




