مغربی ہواؤں کا سلسلہ برقرار، اسلام آباد، خیبرپختونخوا، کشمیر، گلگت بلتستان اور پنجاب کے مختلف علاقوں میں بارش کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق مغربی ہواؤں کا سلسلہ ملک کے بالائی اور وسطی علاقوں کو متاثر کر رہا ہے، جس کے باعث آج رات سے اسلام آباد، کشمیر، گلگت بلتستان، خیبرپختونخوا اور بالائی و وسطی پنجاب میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ آج رات اور بدھ کے روز چترال، سوات، کوہستان، شانگلہ، بونیر، ایبٹ آباد، مری، گلیات، نیلم، مظفرآباد اور ملحقہ علاقوں میں بارش کا امکان ہے، جبکہ بعض مقامات پر لینڈ سلائیڈنگ کا خدشہ بھی ظاہر کیا گیا ہے۔
اسلام آباد اور گردونواح میں بھی مطلع ابر آلود رہنے کے ساتھ تیز ہوائیں چلنے اور گرج چمک کے ساتھ بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے۔ اس دوران چند مقامات پر ژالہ باری بھی ہو سکتی ہے۔
دوسری جانب گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم خشک رہا، تاہم بالائی خیبرپختونخوا، خطہ پوٹھوہار، بلوچستان، گلگت بلتستان اور کشمیر کے بعض مقامات پر تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش ریکارڈ کی گئی۔




