کراچی، 20 اکتوبر 2026ء: وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کی زیرِ صدارت سندھ کابینہ کے اجلاس میں میر رضا قتل کیس کی رپورٹ عوام کے سامنے لانے کی منظوری دے دی گئی۔

ترجمان وزیراعلیٰ سندھ کے مطابق میر رضا کیس کی رپورٹ سات مختلف لفافوں میں کابینہ کے اجلاس میں پیش کی گئی۔ کابینہ کے فیصلے کے تحت رپورٹ آج ہی محکمہ داخلہ سندھ کی ویب سائٹ پر جاری کی جائے گی۔

وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے رپورٹ پر عمل درآمد کے لیے صوبائی وزراء ضیاء الحسن لنجار، ناصر حسین شاہ، سعید غنی اور ایڈووکیٹ جنرل پر مشتمل ذیلی کمیٹی بھی تشکیل دے دی ہے۔

وزیراعلیٰ سندھ نے ہدایت کی کہ میر رضا کیس کی رپورٹ کی ایک کاپی متاثرہ خاندان کو بھی فراہم کی جائے۔

سندھ کابینہ کے اس فیصلے کے بعد میر رضا قتل کیس کی رپورٹ منظرِ عام پر آنے کی راہ ہموار ہو گئی ہے۔