آپ کا اعتراف قبول ہے...
خالد مقبول صدیقی صاحب! آپ نے سندھ کے عوام کے اتحاد کو زبردست خراجِ تحسین پیش کیا ہے۔ آپ نےکہا ہے کہ، ”میں اپنے مخالفین، یعنی سندھ کے لوگوں کو سلام پیش کرتا ہوں، جو سندھ کی وحدت کے لیے وکیل، ڈاکٹر، انجینئر، عام شہری، کسان اور سیاست دان، سب متحد ہیں۔ ان کے مؤقف میں کوئی ابہام نہیں ہے۔“ آپ نے بلکل درست کہا، سندھ کی وحدت اور وسائل کے تحفظ کے لیے ہم سب ایک ہیں۔ ہم تب بھی متحد اور ایک تھے جب سندھ کے پانی پر ڈاکہ ڈالنے کے لیے نئے کینال بنانے کی کوشش کی گئی تھی، ہم تب بھی ایک تھے جب ون یونٹ لگایا گیا تھا، ہم تب بھی ایک تھے جب ضیاء نے مورو، میہڑ، دادو، کھیسانہ، سکرنڈ اور لاکھاٹ میں گولیاں برسائی تھیں، ہم تب بھی ایک تھے جب کالا باغ ڈیم بنانے کی کوشش کی گئی تھی، ہم تب بھی ایک تھے جب بینظیر بھٹو کو شہید کیا گیا تھا، ہم تب بھی ایک تھے جب سندھ کے جزائر اور پہاڑ چرانے کی کوشش کی گئی تھی، ہم تب بھی ایک تھے جب مشرف نے چیف جسٹس کو برطرف کیا تھا اور ہم تب بھی ایک تھے جب دوہرے بلدیاتی نظام کے ذریعے سندھ کو تقسیم کرنے کی کوشش کی گئی تھی۔ دلچسپ اور حيرت انگيز بات يہ ہے کہ ہم سندھی ہر وقت آپس میں چھوٹی چھوٹی باتوں پر لڑتے رہتے ہیں، لیکن جب کوئی بڑا چیلینج اور بڑا خطرہ آتا ہے، تو ہم سب ایک متحد، منظم اور سیسہ پلائی ہوئی دیوار بن جاتے ہیں۔ آپ کو ہمارے اس عظيم اتحاد کا احساس ہونے کے بعد، کیا یہ اچھا نہ ہوگا کہ سندھ کے تمام مستقل باشندے، سندھی، اردو، پشتو، بلوچی اور پنجابی بولنے والے بھائی اور بہنیں بھی متحد اور یک آواز ہوں سندھ کی وحدت اور وسائل کے تحفظ، تعلیم، صحت، میرٹ، انصاف، امن اور ترقی کے لیے، مہنگائی، بیروزگاری، کرپشن، جرائم، دہشت گردی، اقربا پروری اور بدانتظامی کے خاتمے کے لیے۔ اگر نسل پرستی، بالادستی، جھوٹے دعوے، تفریق، تشدد اور دوسروں کے احکامات پر چلنا چھوڑ کر، زبان، نسل، ذات، برادری، فرقیواریت اور گروہی اختلافات سے بالاتر ہوکر، سندھ اور پاکستان کے عام لوگ جمہوریت، برابری اور انصاف کے بنیادوں پر، اپنے مشترکہ مستقبل کے لیے ایک پلیٹ فارم پر جمع ہو جائیں تو سندھ کو اور ملک کو ایک پُرامن، خوشحال، تعلیم یافتہ، انصاف پسند، عوام دوست اور ترقی یافتہ سرزمین بنایا جا سکتا ہے. براہ مہربانی کراچی کے عام لوگوں کو دوبارہ تشدد، تعصب، نسل پرستی اور ٹکرائو کی سمت نہ لے کر جائیں۔ سندھ کی حقیقی طاقت اس وقت سامنے آئے گی جب دہائیوں سے مستقل آباد اردو، پشتو، بلوچی، پنجابی اور دیگر زبانیں بولنے والے تمام بھائی اور بہنیں، سندھيوں کی طرح خود کو بھی، پورے سندھ کے مشترکہ مستقبل کا ذمہ دار اور برابر کا شریک سمجھتے ہوئے، کرپشن اور بدانتظامی سے پاک، جمہوری، انصاف پسند، پُرامن اور ترقی یافتہ سندھ کی تعمیر کے لیے کندھے سے کندھا ملا کر کھڑے ہوں گے۔ ہمیں نفرت نہیں بھائی چارہ، تقسیم نہیں اتحاد، محرومی نہیں ترقی، اقربا پروری نہیں میرٹ، بدعنوانی نہیں دیانت داری اور ناانصافی نہیں حقیقی جمہوریت اور قانون کی حکمرانی درکار ہے۔ سندھ کی ہزاروں سالوں کی وحدت اور تاريخ، اس کی جغرافیائی سرحدوں کے تحفظ کے ساتھ، سندھ کے ہر مستقل باشندے کے لیے عزت، مساوات، انصاف، تعلیم، صحت، روزگار اور خوشحالی کو یقینی بنانے کا عہد بھی ہے۔ یہی مشترکہ جدوجہد سندھ کے روشن مستقبل، مضبوط وحدت اور تمام باشندوں کی اجتماعی خوشحالی کی ضمانت بن سکتی ہے۔
شکریہ
Category:Politics




