لاہور: لاہور پولیس نے جعلی اور غیر نمونہ نمبر پلیٹوں کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے معروف ٹک ٹاکر اور یوٹیوبر رجب بٹ کی مبینہ ملکیت لینڈ کروزر پکڑ لی اور مقدمہ درج کرلیا۔

ڈی آئی جی آپریشنز لاہور فیصل کامران کے مطابق، این ایف سی پل کے قریب جعلی نمبر پلیٹ والی گاڑیوں کے خلاف کارروائی کی گئی۔ اس دوران ایک لینڈ کروزر پر جعلی اور غیر نمونہ نمبر پلیٹ نصب پائی گئی، جس کے بعد قانونی کارروائی عمل میں لائی گئی۔

پولیس حکام کے مطابق، ابتدائی معلومات سے معلوم ہوا کہ گاڑی معروف یوٹیوبر رجب بٹ کی ملکیت ہے، جبکہ گاڑی چلانے والے ڈرائیور موسیٰ خان نمبر پلیٹ سے متعلق تسلی بخش جواب نہ دے سکے۔

پولیس کے مطابق، گاڑی کی ملکیت اور نمبر پلیٹ سے متعلق مزید قانونی کارروائی جاری ہے۔ اس مقدمے میں فی الحال ڈرائیور موسیٰ خان کے خلاف کارروائی کی گئی ہے، جبکہ رجب بٹ کے خلاف اس واقعے میں کسی ذاتی فوجداری الزام کا اعلان نہیں کیا گیا۔

ڈی آئی جی آپریشنز فیصل کامران کے مطابق، لاہور پولیس کی جانب سے جعلی اور غیر نمونہ نمبر پلیٹوں کے خلاف کریک ڈاؤن جاری ہے، جس کے دوران اب تک 1,508 مقدمات درج کیے جا چکے ہیں۔