کراچی: سندھ حکومت نے سیاسی اور مذہبی رہنماؤں کو فراہم کی جانے والی سیکیورٹی کا ازسرِنو جائزہ لینے کا فیصلہ کیا ہے۔ وزیر داخلہ سندھ ضیاء الحسن لنجار نے ہدایت کی ہے کہ غیر ضروری طور پر فراہم کی گئی سیکیورٹی واپس لی جائے اور سیکیورٹی کے نام پر اضافی پولیس نفری تعینات کرنے کا سلسلہ ختم کیا جائے۔

وزیر داخلہ ضیاء الحسن لنجار کی ہدایت کے مطابق سیکیورٹی انتظامات کا جائزہ لیتے ہوئے اس بات کو یقینی بنایا جائے گا کہ پولیس اہلکاروں کی تعیناتی حقیقی سیکیورٹی ضروریات اور خطرات کی بنیاد پر ہو۔

انہوں نے غیر ضروری سیکیورٹی اور اضافی نفری واپس بلانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ پولیس وسائل کو مؤثر انداز میں استعمال کیا جائے تاکہ اہلکاروں کو عوام کے جان و مال کے تحفظ اور امن و امان برقرار رکھنے کے لیے تعینات کیا جا سکے۔

حکام کو غیر ضروری سیکیورٹی انتظامات کے خاتمے اور اضافی نفری کی واپسی سے متعلق رپورٹ بھی تیار کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔