کراچی: گلشنِ حدید فیز تھری میں سابق ایس ایچ او جاوید ابڑو پر فائرنگ کے واقعے میں وہ شہید ہوگئے، جبکہ ان کی اہلیہ زخمی ہوگئیں۔ پولیس ذرائع کے مطابق جاوید ابڑو اپنی اہلیہ کے ہمراہ گھر کے باہر بیٹھ کر چائے پی رہے تھے کہ اس دوران نامعلوم مسلح ملزم نے ان پر فائرنگ کردی۔ فائرنگ کے نتیجے میں جاوید ابڑو کو سات گولیاں لگیں اور وہ موقع پر ہی دم توڑ گئے، جبکہ ان کی اہلیہ کو زخمی حالت میں اسپتال منتقل کیا گیا۔ پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ فائرنگ کرنے والا ملزم واردات کے بعد چند قدم کے فاصلے پر کھڑی موٹر سائیکل پر سوار ہوکر فرار ہوگیا۔
دوسری جانب کراچی پولیس چیف آزاد خان نے جناح اسپتال میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے واقعے کو انتہائی افسوسناک قرار دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ شہادت کا واقعہ گھر کے باہر پیش آیا، جہاں جاوید ابڑو اپنی اہلیہ کے ساتھ چائے پی رہے تھے۔
کراچی پولیس چیف کے مطابق دو افراد میں سے ایک نے فائرنگ کی تھی، جبکہ زخمی اہلیہ نے ملزم کا حلیہ پولیس کو بتا دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ فی الحال واقعے کی نوعیت کے بارے میں کچھ کہنا قبل از وقت ہوگا۔
آزاد خان کا کہنا تھا کہ پولیس اور سی ٹی ڈی کی ٹیمیں واقعے کی ہر پہلو سے تحقیقات کر رہی ہیں۔ ان کے مطابق جاوید ابڑو نے انہیں جان سے مارنے کی دھمکیوں کے حوالے سے پہلے کچھ نہیں بتایا تھا۔




